لاہور،، گوجرانوالہ اسلام آباد، کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوز رپورٹ،خبر نگار خصو صی، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں) پی ڈی ایم کے مہنگائی مکاؤ مارچ کے قافلے ملک بھر سے شہر اقتدار کی جانب گامزن ہیں، آج شام اسلام آباد میں جلسہ گاہ پہنچیں گے ، مارچ کے شرکا کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا، اپوزیشن جماعتوں کے کارکن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے ، مرکزی قائدین خطابات سے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے اپوزیشن کے مہنگائی مکاو ٔ مارچ کے قافلے آج اسلام آباد پہنچیں گے جہاں شام کو جلسہ ہو گا۔اس سلسلے میں جے یو آئی ف نے اسلام آباد میں سرینگرہائی وے کے ساتھ علاقے ایچ نائن میں میدان سجا لیا۔جلسہ گاہ میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے ۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں مغرب کی اذان کے بجائے فجر کی اذان چلائی گئی، سب نشے میں تھے ، نیند میں تھے ، عمران خان کا ایجنڈا اسرایئل کو تسلیم کرانا تھا، تمہارا ایجنڈا دینی مدارس کا خاتمہ تھا، چند روز میں آزادی مارچ کا نتیجہ مل جائے گا، ہمارے مقابلے میں اسلام آباد میں ایک جلسی بھی ہوئی، پانچ، دس ہزار روپے دے کر جلسے میں اپنی کرسیاں بھی بھر نہیں سکے ۔امریکہ کا ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا، امریکہ نے 15 سال این جی اوز کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کرنے کے لیے پیسہ استعمال کیا۔دوسری جانب مریم نواز نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے کہا کہ اب کہیں اپنے جلسے کی ناکامی کا الزام نوازشریف پر نہ لگا دینا، عمران کی بدتمیزی کا منہ توڑ جواب ملے گا، دس لاکھ تو کیا اس کے جلسے میں دس ہزار بندہ نہیں آیا،آپ کو ہم سر پرائز دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بڑا بائولر بنا پھرتا تھا نوازشریف نے دو درجن وکٹیں اڑا دیں، اصل چوہا عمران خان ہیں جو آٹا، چینی اور پاکستان کی ترقی کو کھاگیا ، ڈی چوک کسی ملکی، غیرملکی سازش نہیں اپنے اعمال کی وجہ سے تم پہنچے ، مجھے ڈی سی نے خود بتایا 200 بسیں لانے کا ٹاسک دیا گیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی تم نے جتنے سرپرائز دینے تھے دے دئیے ، اب قوم تمہیں سرپرائز دے گی،عمران خان استعفیٰ دیں، گھر جائیں ۔ دریں اثنا لاہور سے روانہ ہونے والا مسلم لیگ ن کا مہنگائی مارچ رات گئے گجرات پہنچ گیا۔ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ ہم تیار ہیں، کرائیں الیکشن، پتا لگ جائے گا ۔مولانا عبد الغفور حیدری اورمولانا اسعد محمود نے مہنگائی مکائو مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے عمران خان شکست کے خوف سے دھمکیاں دے رہے ہیں،عمران خان کیلئے بہتر یہی ہے کہ استعفیٰ دیدے ۔ اسلام آباد ( خبر نگار خصو صی ،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراورصدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے وزیراعظم کے خطاب پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ اقتدار جاتا دیکھ کر آپ مضحکہ خیز وضاحتیں پیش کرنے لگے ہیں، اپنی ٹویٹ میں شہبازشریف نے کہالندن پلان کے ذریعے اقتدار میں آنیوالے کو ہر شے میں سازش نظر آتی ہے ،تم ہار چکے ہو، عوام کو بیوقوف بنایا اور نااہل و کرپٹ حکومت کی سربراہی کی۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی تقریر سن کر یہ کہنے پہ مجبور ہیں کہ جھوٹوں کے آئی جی کا لقب بھی چھوٹا ہے ۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بھٹو شہید نے لوگوں کو خط کھول کردکھایا تھا، مطالبہ کرتا ہوں یہ خط پارلیمنٹ میں دکھا دیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خان صاحب رونا دھونا بند کروں ، سامان سمیٹو اور چلتے بنو۔بلاول ھائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا سرپرائز، کھودا پہاڑ نکلا چوہاکے مترادف ہے ۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ خدا حافظ عمران نیازی،قوم نے شکست خوردہ کا رونا دھونا سنا، چند ہزار افراد نے نیازی حکومت کا جنازہ پڑھا ۔افضل ندیم چن نے کہا کہ شکریہ عمران خان ،آپ نے قوم کو بتا دیا کہ آج بھی45 سال بعد بھٹو کا فلسفہ ہی زندہ باد ہے ۔ترجمان جے یوآئی اسلم غور ی نے کہا کہ قوم کو مبارک ہو عمران جارہاہے ۔