اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے ملک میں گندم، آٹے ، چینی، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے آٹا، چینی، ٹماٹر، پیاز، سبزی، گھی، آلو اور مرغی کے نرخوں کا جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ آٹا، چینی، پیاز، ٹماٹر اور مرغی سمیت 10 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، 11اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 30 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔بریفنگ کے دوران مشیر خزانہ نے گندم، آٹے ، چینی، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ضروریہ اشیا کے منافع کے مارجن کم کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔حفیظ شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سستی قیمتوں پر ضروری اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے ، صوبائی حکومتیں ضروری اشیاء کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنائیں۔