لاہور، کراچی ، اسلام آباد (کلچرل رپورٹر، نیٹ نیوز) ترک ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں سلطنت عثمانیہ کے کمانڈر عبدالرحمان کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل نے کہا کہ کشمیر پاکستان کاحصہ ہے ، جلال آل نے اسلام آباد کے دورے کے دوران مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے شکرپڑیاں میں پاکستانی یادگار کا دورہ کیا اور انسٹاگرام سٹوری پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو عظیم لیڈر، وفادار، سچا مسلمان، ترکی کا دوست اور اپنا ہیرو قرار دے دیا اور کہا وہ بانی پاکستان سے بے حد متاثر ہیں، انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ تصاویر بھی سٹوری پر شیئرکیں، جلال آل نے جمعہ کے روز انسٹاگرام پر پاکستانی پرچم کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے ترکی کے پرچم والا ماسک اپنے چہرے پر لگایا ہوا تھا، ساتھ ہی انہوں نے پاک ترک دوستی اور بھائی چارے کو بیان کرتے ہوئے نہایت ہی خوبصورت پیغام اردو میں لکھا، جلال آل نے انگریزی میں پاکستان کا مقبول ترین ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان جان جان پاکستان‘‘ اور پاک ترک بھائی چارہ زندہ باد انشاء اللہ الحمدللہ کا پیغام بھی لکھا، بعد ازاں جلال آل اور ڈرامہ پروڈیوسر کمال تیکدن نے کراچی کے نجی ادارے میں تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی، ان میں تحائف تقسیم کئے ، جلال آل نے خون بھی عطیہ کیا اور کہا ہمارے آنے سے دونوں ملکوں میں بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن بھی موجود تھے ۔