کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اورکے ایس ای100انڈیکس مزید370.58پوائنٹس کے اضافے سے 40641.10پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 55.94فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 90ارب 60کروڑ1لاکھ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 29.18فیصدزائد رہا۔گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوااور ملکی معیشت کے اشاریئے مستحکم ہونے ے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی زبردست خریداری دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 40813 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس370.58پوائنٹس کے اضافے سے 40641.10پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس171.48پوائنٹس کے اضافے سے 18571.15پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 277.17پوائنٹس کے اضافے سے 28711.70 پوائنٹس ہو گیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر404کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 226کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،159میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔