کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بد ھ کوکاروبار حصص میں زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا، 500پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 45400پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ،تیز ی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 109ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 593.25پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس44857.06پوائنٹس سے بڑھ کر 45450.31پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب9ارب51کروڑ54لاکھ89ہزار 513روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر415کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 320کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،76میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثنائانٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر ایک سال کی کم ترین سطح پر آگئی ۔ بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 155.50روپے اور قیمت فروخت155.60روپے کی پست سطح پر آ گئی ۔علاوہ ازیں صرافہ مارکیٹوں میں750روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ6ہزار400روپے ہو گئی اسی طرح643روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 91ہزار221روپے پر آ گئی ۔