کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوبھی مندی کا رجحان غالب رہااور کے ایس ای100انڈیکس مزید 285.56 پوائنٹس کی کمی سے 40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 39868.55پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ59.35فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں38ارب79کروڑ58لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت7.62فیصدکم رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب حصص خریداری میں دلچسپی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس40249پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز فروخت کا دباو بڑھ گیا جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور انڈیکس39768پوائنٹس کی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری آئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کا اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس285.56پوائنٹس کی کمی سے 39868.55پوائنٹس پر بند ہوا ۔دریں اثنائمقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت2500روپے کی کمی سے ایک لاکھ17ہزار500 روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں10پیسے کا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید168.30روپے سے بڑھ کر168.40روپے اور قیمت فروخت168.55روپے سے بڑھ کر168.60روپے ہو گئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 168روپے اور قیمت فروخت168.50روپے پر بدستور برقرار رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1.45روپے کی کمی ہوئی ۔