کراچی (کامرس رپورٹر)سونا اور ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان رہا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ڈالر کے مقابل پاکستانی روپیہ ہر گزرتے دن کیساتھ تیزی سے کمزور ہو رہا ہے ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں 75پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 174.45 سے بڑھ کر 175.20 اور قیمت فروخت174.55 سے بڑھ کر175.30روپے ہو گئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں 90پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 174.80 سے بڑھ کر175.70 اور قیمت فروخت175.30سے بڑھ کر176.20روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے نتائج میں تاخیر اور روپے کی قدر میں کمی کی شرائط کی افواہوں پر کرنسی مارکیٹ میں ہلچل ہے ۔ادھرملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا4200روپے مہنگا ہو کر 1لاکھ32ہزا رروپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ہے ۔اسی طرح 3600روپے کے اضافے سے 10گرام سونے کی قیمت 1لاکھ13ہزار 168روپے ہو گئی ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز 20سال بعدنئے ٹریڈنگ سسٹم کے نفاذسے کاروباری سرگرمیوں کی رپورٹ میں تعطل دیکھا گیا۔بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران اتار چڑھاؤ کا رجحان غالب رہا ۔کاروبارکے اختتام پر 100انڈیکس163.20پوائنٹس کمی سے 45255.97پوائنٹس پر بند ہوا۔ مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 31ارب48کروڑ91لاکھ24ہزار788روپے کی کمی سے 78کھرب17ارب46کروڑ64لاکھ75ہزار412روپے رہ گیا۔