اسلام آباد (لیڈی رپورٹر، سپیشل رپورٹر،این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت پولیو وائرس سے بھرے گٹر چھوڑ کر گئی ہے ۔ ن لیگی رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے قوم کے مستقبل سے نہ کھیلے ، ن لیگ کے دورکے پہلے سال میں پولیو کیسز کی تعداد 93سے 307پر پہنچ گئی تھی ، خدارا بچوں کے مستقبل کی خاطر پولیو پروگرام کو سیاسی نہ بنائیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنمائوں سائرہ افضل تارڑ ،مریم اورنگزیب اور عائشہ رضا فا روق نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو اور ڈینگی کیسز پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے حکومت پولیو اور ڈینگی کیسز پر کمیشن بنائے اور ذمہ داروں کا تعین کرے ،پولیو اشتہاروں ،سوشل میڈیا اور ٹوئٹرکے ذریعے ختم نہیں ہوگا، انسدادپولیو کیلئے ہم آج بھی ملکر کام کر نے کے لئے تیار ہیں اس میں سیاست نہیں ہونی چا ہئے ، سائرہ افضل تارڑ نے کہاملک میں پولیو اور ڈینگی کی تشویشناک صورتحال ہے اس وقت 65پولیو کے کیسز ہیں، انسداد پولیو مہم کا بیڑا غرق ہوچکا ہے ، ہمارے دور میں بلوچستان میں تین پولیوکیسز تھے ، پنجاب پولیو فری تھا ، وزیراعظم سے گزارش ہے کوئی اہل بندہ اور اہل ٹیم لائی جائے ۔ عائشہ رضا فاروق نے کہا پولیوکیسزکی رپورٹ مسلم لیگ ن نے نہیں جاری کی ، اصلیت کیوں چھپائی جارہی ہے ۔