پپلاں،حافظ والا،ماڑی شہر،اسلام آباد( نامہ نگاران،مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر،خبر نگار خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے نواز شریف اڈیالہ چلے گئے ، اب باری شہباز شریف کی ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ،نواز شریف نے اپنے بیٹے لندن اور اسحاق ڈار نے دبئی میں بٹھا دیئے ، نوازشریف نے ملک کے پیسے باہر بھجوائے اور بچے ارب پتی ہوگئے ، جب حکمران چوری کرتے ہیں تو باہربچے اربوں پتی ہوجاتے ہیں،جب پوچھو پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں ہم پاکستانی نہیں ، ن لیگ کے لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو پوچھنا ایک چیز بتاؤ جو تم نے ٹھیک کی ہو،ہم نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ، انشاء اﷲ جلد ایک ایک مگر مچھ کا احتساب ہوگا۔میانوالی کے علاقے پپلاں اور بلال مسجد گراؤنڈ داؤد خیل میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاملک وقوم کے ڈاکو آج جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں،پی پی پی اور مسلم لیگ ن نے باریاں لے لے کر ملک کو تباہ کر دیا،پچھلے دس سالہ دورحکومت میں عوام کو غربت کی چکی میں پیسا گیا، بچہ بچہ قرضے میں جکڑا گیا،پانچ سال میں ن لیگ نے ملک کا 36سو ارب روپے کا نقصان کیا،10سال پہلے آٹا 13 اورآج 45 روپے کلو ہے ، ڈالر10 سال پہلے 60 روپے کاتھاآج 130 روپے پرپہنچ گیا، ڈالر کی نئی قیمت سے پاکستان پرایک ہزار ارب ڈالر قرض بڑھ گیاجس کے اثرات مہنگائی کی صورت میں سامنے آئیں گے ،برطانیہ میں پٹرول 40 ، امریکہ میں 60روپے جبکہ پاکستان میں 100روپے لیٹر ہے ، کرپشن کی وجہ سے عوام کا پیسہ چوری ہوجاتاہے اور ملک کا خرچہ پورا نہیں ہوتا جس کو پوراکرنے کیلئے قرض لیا جاتا ہے جس سے ملک برباد ہو جاتے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا جس ملک کا وزیر اعظم اور وزیر خزانہ چور ہو تو اس ملک کے عوام کا اﷲ ہی حافظ ہے ، ن لیگ کی حکومت میں امیر امیر تر ہوتا گیا اور غریب غریب تر ہوتا گیا، تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے جبکہ سابقہ حکومتوں کے ٹمبر مافیا نے چھانگا مانگا اور کندیاں کے جنگلات ختم کر دیئے ، میرے میانوالی کے کھلاڑیو تمھیں مبارک باد دیتا ہوں کہ کر پشن کے خلاف ہماری جدوجہد کامیاب ہو گئی، ہم ایسا انقلاب لائیں اور نظام بنائیں گے کہ غریب غریب نہیں رہے گا، صرف پی ٹی آئی کو ووٹ دو،آپکے مسائل آپ کی دہلیز پر حل ہونگے ،آزاد امیدوار کامیاب ہونے کے بعد اپنا تو فائدہ کرسکتا ہے عوام کا نہیں ،آزاد کھڑے ہونیوالے پی ٹی آئی کے لوگ پارٹی اورملک کونقصان پہنچا رہے ہیں۔دوسری جانب صدر آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹرامجد نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اوراین اے 53 سے عمران خان اور این اے 54 سے اسد عمر کے حق میں دستبردار ہو گئے ۔عمران خان اور اسد عمر نے انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرڈاکٹر محمد امجد نے کہابڑے قومی مقصد کے لئے اسلام آباد کے حلقوں سے عمران خان کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ نظریات کی بنیاد پر کام کریں گے ۔