اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادوں حسین اورحسن نواز کو جلد واپس لایا جائے گا، بجٹ اجلاس پر اسمبلی کو مجرموں کو بچانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ایک بیان میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہاکہ آصف علی زرداری وفاق کے پیسے سندھ اور وہاں سے بیرون ملک بھیجتے رہے ، ان کے بنائے گئے 5 ہزار جعلی بینک اکاونٹس سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پیسے تب واپس آئیں گے جب اسحاق ڈار واپس آئیں گے ، گرفتاریوں کے بعد اب دوسرا مرحلہ ریکوری کا شروع ہونے والا ہے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کا دورہ مکمل کرکے آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں ان کا دورہ کامیاب رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں کے پاپا جیلوں میں ہیں،سپیکر کو کہا جاتا ہے کہ پاپائوں کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مناسب تحقیقات نہیں ہو سکیں۔ وہ تفتیش کے دوران قومی اسمبلی اور اپنے منسٹر کالونی کے گھر میں رہے ۔ بڑے بڑے لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے جو اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے وہ اب جیل میں ہیں۔