اسلام آباد (92 نیوز)پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یردکل نے خبردار کیا ہے کہ ہائبرڈ اورتھرڈ جنریشن وار فیئر کے تناظرمیں فیتو جیسی دہشتگرد تنظیمیں پاکستان کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ ترکی میں 15 جولائی2016ء کی خون آشام ناکام بغاوت کی یاد میں یوم جمہوریہ اور قومی یکجہتی کے موقع پر ترک سفارتخانہ میں تقریب سے خطاب میں ترک سفیر نے کہا کہ ترکی کے 251 سرفروشوں نے جان قربان کر کے جمہوریت کو دوام بخشا۔ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی نے اداروں کو مضبوط کیا، عوام کو اعتماد بخشا۔پاکستان پہلا ملک تھا جو فوجی بغاوت کیخلاف اور عوام کے جمہوری حقوق کے حق میں با آواز بلند بولاجس پر دل سے پاکستان کے شکر گزار ہیں۔فتح اللہ گولن کی تنظیم ماسک کے پیچھے چھپ کر وار کرتی ہے ،تعلیم، صحت، فلاح کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم ترکی کی دوست ہی نہیں، ترکی اور ترک عوام سے محبت کرتی ہے ۔دریں اثنائانقرہ پارک اسلام آباد میں 15 جولائی کی ناکام بغاوت اور 251 شہدائکی یاد میں شجرکاری کی گئی۔ ترک سفیر، میئر اسلام آباد اور پاکستان میں ترک بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے سربراہ گوکن امت نے پودے لگائے ۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہاکہ انقرہ پارک کو پاک ترک دوستی کا بہترین نشان بنائینگے ۔