اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کو بنی گالا میں داخلے سے روک دیا گیا جس پر وہ شدید برہم ہوگئے اور سکیورٹی گارڈ کو کھری کھری سنادیں۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری سے قبل تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق ہفتے کی صبح بنی گالا پہنچے تاکہ کپتان کے ہمراہ ایوان صدر پہنچیں، لیکن وہ اس وقت ہکا بکا رہ گئے جب سکیورٹی نے انہیں مین گیٹ پر روک لیا اور اندر جانے کی اجازت نہ دی۔ اس موقع پر نعیم الحق نے سیکورٹی سے استفسار کیا کہ کس کی جانب سے روکا گیا ہے جس پر سکیورٹی گارڈ نے جواب دیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف میجر عمر نے منع کیا ، اس پر نعیم الحق شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بولے کہ کون میجر عمر، وہ تو خود میرے انڈر کام کرتا ہے ، کمال کرتے ہو ، کیا تم لوگ مجھے نہیں جانتے ، بے وقوفی کی باتیں کررہے ہو، کھولو دروازہ، چھوڑو میجر عمر کو، مذاق لگا رکھا ہے ، میں خان صاحب کو لینے آیا ہوں،تاہم سکیورٹی نے نعیم الحق کے غصے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی۔ اس پر نعیم الحق نے بنی گالہ فون کرکے سکیورٹی سے بات کروائی، تب جاکر انہیں اندر جانے کی اجازت ملی۔