اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اہم ملاقات کی جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی ملاقات میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور زلمے خلیل زاد نے افغان مفاہمتی عمل، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا۔ افغانستان میں کمانڈر ریزولوٹ فورس جنرل آسٹن ملر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ زلمے خلیل زاد اور جنرل آسٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار بابر کے ٹویٹ کے مطابق خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی خواتین کا قومی خوشحالی اور وقار میں اہم کردار ہے ۔ خواتین نے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے کر خود کو منوایا۔ کورونا کیخلاف جنگ میں بھی خواتین صف اول میں شریک ہیں۔ خواتین بے پناہ احترام کی مستحق ہیں۔