اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ملک کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں نوجوان ہنگامی حالات میں مدد کے لئے تیار رہیں۔وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو افراتفری کی صورت حال سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات ضروری ہیں، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے ، چین میں بھی لاک ڈاون کے دوران نوجوانوں نے ہی ذمہ داری سے فوڈ سپلائی بحال رکھی تھی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خطرناک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط ردعمل کی ضرورت ہے ۔شہزادہ چارلس اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ہفتے کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی شہزادہ چارلس اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جلد صحت یابی کے لیے خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے عالمی معاونت کی ضرورت ہے ، کرونا وائرس نے دنیا بھرمیں لوگوں کو متاثر کیا ہے ۔قبل ازیں حکومت نے کوروناریلیف ٹائیگرفورس کی تشکیل کاطریقہ کارطے کرلیا،وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظربروقت پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں معاون خصوصی عثمان ڈارکواہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں،وزیراعظم خودبھی نوجوانوں کیلئے خصوصی پیغام ریکارڈکرائیں گے ، 18 سال سے زائدعمرکے نوجوان سٹیزن پورٹل پررجسٹریشن کرائیں گے ، رجسٹرڈرضاکارضلعی انتظامیہ،این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کرکام کریں گے ، ڈی سیز،اے سی،ٹی ایم اوز،ارکان پارلیمنٹ رضاکاروں کوسہولتیں فراہم کریں گے ۔معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے لیے متحرک ہوگئے ہیں ۔عثمان ڈار نے کہا 31 مارچ سے 10 اپریل تک ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن سیٹیزن پورٹل پر ہو گی، نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ٹیم میں شامل کیا جائیگا۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رضا کار فورس قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری کا کام بھی کرے گی، نوجوان رضاکار ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر سکیں گے اور ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور فوڈ چین بحال رکھیں گے ، پاکستانی نوجوانوں نے سیلاب اور زلزلے کے دوران بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا، امید ہے ضرورت پڑنے پر کورونا کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔۔وزارت یوتھ افیئرز کے مطابق وزارت نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس پر کام شروع کردیا ہے ، ڈیجیٹل فارم تیار ہے اور 31 مارچ کو سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا، ڈیجیٹل فارم میں نام ،پتہ عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہوں گی جب کہ فورس تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گی،کرونا ریلیف ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں متحرک کام کرے گی۔