لاہور،اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں قرار دیاہے کہ تفتیشی افسر ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد رپورٹ پیش نہیں کر سکا،آئندہ سماعت پر ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا اگلی تاریخ پر عدالت کو مکمل عملدرآمد رپورٹ پیش کر دیں گے ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز خارج کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج سنایا جائے گا۔سابق صدر نے تین گاڑیوں کی ضبطگی روکنے کے لئے بھی احتساب عدالت سے رجوع کرلیا، احتساب عدالت نے نیب سے 24 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل ہونے پر سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کرکے مزید گواہان کوطلب کرلیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف درخواست میں وکلاکو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالتنے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق چیف انجنیئر ٹیپا مظہر حسین اور انجم ذیشان کے جسمانی ریمانڈ میں یکم اکتوبر تک توسیع کرکے نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت کراچی نے جے جے وی ایل میں 17 ارب کرپشن کے ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی ،ڈاکٹر عاصم عدالت میں پیش نہیں ہوئے ،عدالت نے استغاثہ کے گواہ محمد اشفاق کی عدم حاضری پرقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ احتساب عدالت کراچی نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے خلاف پولیس فنڈز میں خورد بردکے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت لاہور نے ایم این ایم موٹر سائیکل سکینڈل کیس میں ملوث ملزم انوار علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ ٹیپا میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں کے کیس میں چیف انجینئر ذیشان ظفر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا فیصلہ محفوظ کرلیا ۔احتساب عدالت اسلام آبادنے سا بق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کیخلاف کرپشن ریفرنس پر سماعت چھ اکتوبر تک ملتوی کردی۔ نواز شریف وارنٹ