لاہور،کراچی،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،آن لائن)احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی نے 54 کنال غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ کیس میں قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے پاکستانی ہائی کمیشن کو وارنٹ پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیدیا۔احتساب عدالت اسلام آبادکے جج محمد بشیر نے جکارتہ میں پاکستانی سفارتخانے کی عمارت غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے ریفرنس میں سابق سفیر مصطفیٰ انور حسین کو 17 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کراچی نے کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس میں نامزد پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی پھر موخر کرکے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی، عدالت نے جیل حکام کو نامزد ملزم لالہ فضل الرحمان کو آئندہ سماعت پرپیش کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن سکینڈل میں ملوث سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کراچی نے جے جے وی ایل میں 17 ارب کرپشن کے ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ محمد اشفاق کے عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، ڈاکٹر عاصم عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ احتساب عدالت لاہور نے ٹیوٹا موٹرز کے نام پر شہریوں سے کروڑں روپے کے فراڈمیں ملوث ملزم جاوید مظفر بٹ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 ستمبر تک توسیع کرکے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت لاہورکے جج اعجاز احمد نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلائسے مزید دلائل طلب کر لئے ۔ احتساب عدالت لاہور نے فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں ملوث ملزمان سلیم حنیف اور محمد حفیظ کے جوڈیشل ریمانڈ میں21 ستمبر تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت لاہور نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی شجاع ٹاؤن میں کروڑوں کے فراڈ کیس میں ملزم زاہد شجاع اور نیاز احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 اکتوبر تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت کراچی نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے خلاف پولیس فنڈز میں خورد برد کے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔