لاہور،اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا جبکہ شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومتی اقدام کو توہین عدالت ہے ،عدالت سے رجوع کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق خط پنجاب حکومت کی سفارش اور مشاورت کے بعد لکھا گیا ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، علاج کی غرض سے انہیں باہر بھیجا گیا تھا ۔لیکن نواز شریف کسی ہسپتال میں داخل ہوئے نہ ہی علاج کرایا۔برطانوی حکومت نواز شریف کو واپس اپنے ملک بھیجے تاکہ وہ باقی سزا مکمل کر سکیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے متعدد بار میاں نواز شریف، ان کے وکلائ، پارٹی راہنمائوں اور شریف خاندان کو تازہ رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی مگر ایسا ممکن نہ ہوا۔ صوبائی حکومت کی راجہ بشارت کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی تین رکنی کمیٹی نے صوبائی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے میاں نواز شریف کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی مخالفت کر دی۔ جس کے بعد صوبائی کابینہ نے وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں اس پر مہر ثبت کر دی اور اپنی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوا دیں۔دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خط لکھا گیا تفصیلات بعد میں بتا دیں گے ۔خط کے ردعمل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خط لکھنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر حکومتی وزرا کے متضاد بیانات حکومتی بدنیتی کا ثبوت ہے ۔حکومتی جلدبازی مجرمانہ اور مذموم ارادوں کو عیاں کرتی ہے ۔محمد نواز شریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ہفتے کی ضمانت دی تھی اور اس میں توسیع کے لیے حکومت سے رجوع کرنے کا کہا تھا ۔عدالتی حکم تھا کہ حکومت کے کسی اقدام پر دوبارہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں ۔قانون کے تحت حکومت کو ایسا خط لکھنے کا کوئی اختیار نہیں ۔حکومت نے غیرقانونی اقدام اٹھایا، عدالت سے رجوع کا حق استعمال کریں گے ۔حکومتی اقدام عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی اور توہین عدالت ہے ۔ عمران خان سیاسی انتقام اور ذاتی دشمنی میں اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں۔ نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ان کو قتل کرنے کے مترادف ہے ۔وزیر صحت پنجاب اور سرکاری میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کے دستخطوں سے تصدیق کی گئی کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج کیا جائے ۔عدالتی احکامات کے مطابق نواز شریف بیرون ملک علاج کے دوران تمام تقاضے باقاعدگی سے پورے کر رہے ہیں ۔ایسے اقدامات سے کرپٹ، نااہل اور عوام دشمن حکومت بیرون ملک پاکستان کی جگ ہنسائی کر رہی ہے ۔