اسلام آباد (نیٹ نیوز ) ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کی افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں شکست پر جہاں عام پاکستانی شائقین نے غصے کا اظہار کیاوہیں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی قومی ٹیم کی شکست پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ایک ٹویٹ کے ذریعے حساس موضوع پر مذاق کیا، جس کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔فواد چودھری نے افغانستان کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کے بعد مختصر ٹویٹ کیا کہ مجھے تو مکی آرتھر کی فکر ہے ، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے ۔ کئی افراد نے فوادچودھری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا انہیں حساس موضوع پر ایسا مذاق نہیں کرنا چاہیے ۔حیدر نامی صارف نے کمنٹ کیا کہ انہیں فواد چودھری سے اسطرح کے ٹویٹ کی امید نہیں تھی۔ایک اور صارف نے لکھا کہ انہیں ایسا ٹویٹ کرنا زیب نہیں دیتا ،وہ اپنے عہدے کا ہی خیال کرتے ۔سفینا نامی خاتون کے ٹوئٹر ہینڈل سے سوال کیا گیا کہ وفاقی وزیر کے کہنے کا مطلب کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کے ہیڈ کوچ کو جان کا خطرہ ہے ِ اور آپ کو ان کے مارے جانے کی اطلاع ہے ، یہ تو انٹرنیشنل نیوز بریک کی ہی آپ نے ۔ ایک اور صارف نے کمنٹ کیا کہ افغانستان سے ہار کر کوچ کو پیغام دیا ہے کہ ذہنی طور پر تیار رہنا کہیں پچھلے والے کی طرح ٹینشن نہ لے لینا اور ہمیں بھی نہ دینا۔