لاہور،اسلام آباد،ملتان(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں)ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی مچھرکے وار بدستورجاری ہیں اور پنجاب میں مزید6افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈینگی کے مزید279مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 217لاہور سے سامنے آئے ۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی میں14،گوجرانوالہ میں12، شیخوپورہ میں7،فیصل آباد اور قصور میں4چار، نارووال میں3، اٹک اور بہاولنگرمیں ایک ایک جبکہ ملتان، وہاڑی اور سیالکو ٹ میں2دومریض رپورٹ ہوئے ۔مرنے والے 5مریضوں کا تعلق لاہور جبکہ ایک کا تعلق شیخوپورہ سے تھا۔صوبہ میں ابتک ڈینگی بخار کے باعث118اموات ہو چکی ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 23576جبکہ لاہور سے 17027کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں1378ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں974ڈینگی مریض داخل ہیں۔پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی مریضوں کیلئے 5016 بستر مختص ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں306مقامات اور لاہور میں252مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر ضعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں مزید 26 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی،ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 4535 ہوگئی اور ابتک 19 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج مزید2مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، آئی سو لیشن وارڈ میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 6ہو گئی، صحتیاب ہونیوالے 5افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا ۔