اسلام آباد(سید نوید جمال )وفاقی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی نئی ٹرینوں کے لئے مسافروں کوسفر کی بہترین سہولیات باہم فراہم کرنے کے لئے پاکستان ریلویز نے لمبے سفر کی 230 مسافر بردار ویگنز،800 ہائی کیپسٹی ویگنز اور20 بریک وینز خریدنے کا فیصلہ کیاہے ۔ ریلویز نے مالی سال 2019-20 کے لئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں رولنگ سٹاک اور موجودہ منصوبوں کی تکمیل کے 5.118 ارب روپے ، نئے لوکو موٹو کی خریداری کے لئے 1.424 ارب روپے جبکہ مسافر بردار ویگنوں کی خریداری کے لئے 3.69 ارب روپے تجویز کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ریلویز آئندہ سال سے مسافربردار ویگنوں کی مقامی سطح پر پاکستان ریلویز کی فیکٹریوں میں تیاری کے منصوبہ پر غور کر رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ریلویز نے موجودہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی20 نئی ٹرینوں کے بعد مسافروں کی طلب اور ان کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی فرموں سے اعلیٰ معیارکی 230 لمبے سفر کی مسافر بردار کوچز جن میں اکانومی کلاس کی 80 اور ائیرکنڈیشن کلاس کی 80 اور 30 عدد پالرکارز،20 عدد سامانوں کی ویگنز ،20 عدد بریک گاڑیاں اور 800 ہائی کیپسٹی کی ویگنز شامل ہیں جن میں 200 کورڈ ویگنز میں سے 40 ویگنز مکمل تیارحالت میں خریدی جائیں گی جبکہ 160 ویگنز اور 300 کنٹینرویگنز میں 70 مکمل تیار شدہ اور 230 کنٹینرز پاکستان میں پاکستان ریلویز کی فیکٹریوں میں تیار کئے جائیں گے ، سمیت 20 بریک وین خریدنے کے لئے ٹینڈرز طلب کئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے ریلویز نے مذکورہ ویگنز اور لوکو موٹو کی خریداری کیلئے بین الاقوامی ٹینڈرز جاری کردئیے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کے پاس 458 لوکوموٹوز 1ہزار 819مسافر کوچز ہیں۔458 لوکوموٹوز میں سے 321 انجن آپریشنل ہیں 70 سے زائد انجنوں کو کارآمد بنایا جا سکتاہے ۔پانچ لوکو موٹوز کو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ٹھیک کیا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کاملک بھرمیں ٹریک 11 ہزار881کلومیٹر پر مشتمل ہے ۔ ریلوے کا مجموعی آپریشنل روٹ 7 ہزار791کلومیٹر ہے ۔