لاہور، اسلام آباد، کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر،این این آئی) ایس ای سی پی نے نیب لاہور کو سابق پاکستانی سفیر برائے امریکہ علی جہانگیر صدیقی کی کمپنی ایز گارڈ نائن کا ریکارڑ جمع کرادیا۔مطابق نیب لاہور نے 40 ارب کی انسائیڈ ٹریڈنگ کے الزمات پر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہے ۔ علاوہ ازیں نیب نے سابق وفاقی وزیر اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور وٹو کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔نیب نے یوٹیلٹی کارپوریشن میں منظور وٹو کے دور میں ہونے والی تعیناتیوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے نیب کی ہدایت پر پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیکر ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کردیا۔ منظور وٹو پر 2008 میں وزارت صنعت وپیداوار میں دوستوں کو نوازنے کا الزام ہے ۔ میاں منظور وٹو نے یوٹیلٹی سٹورز پر 200سے زائد ایریا منیجرز کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا تھا۔ دریں اثنا سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی سکینڈل میں نیب میں پیش ہونے سے معذرت کر لی۔ جمعرات کو شاہد خاقان عباسی نے نیب عدا لت میں پیش ہو نا تھا، اس حوا لے سے شاہد خاقان عباسی نے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا بیرون ملک ہوں، جمعرات کو پیش نہیں ہوسکتا۔17مارچ کے بعد کی تاریخ دے دیں۔ مزید برآں قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب قوم کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک جانے والے بدعنوان عناصر کو وطن واپس لاکر ان سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم بر آمد کرنے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے انتہائی سنجیدہ کاوشیں کر رہاہے ۔ نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کے آپریشن اور پراسیکوشن ڈویثرنز کے افسران اور اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین نے کہا بدعنوانی دیمک کی طرح ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ نیب نے ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی ’’نیب کاایمان -کرپشن فری پاکستان‘‘ وضع کی ہے ۔نیب کسی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ملک بھر میں اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے ۔ دوسری طرف نیب کراچی نے کے پی ٹی کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ اور فروخت کر نے کے الزام میں ملوث اسٹیٹ ایجنٹ د جاوید مخدوم کو گرفتار کر لیا مذکورہ معاملے میں ملوث سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل کو نیب کراچی پہلے ہی گرفتار کرچکا ہے ۔