اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی،آن لائن) نیکٹا کی سربراہی وزیراعظم سے لے کر وزیرداخلہ کو دے دی گئی ۔صدر مملکت نے صدارتی آرڈرکے ذریعے نیکٹا ایگزیکٹو بورڈ اور نیکٹا ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل نو کردی ۔ ترمیمی آرڈیننس میں وزیراعظم کے نیکٹا کی سربراہی سے متعلق سیکشن 3 ختم کردی گئی ہے ۔ترمیمی آرڈیننس میں نیکٹا ایگزیکٹو بورڈ اور نیکٹا ایگزیکٹو کمیٹی کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے اور نیکٹا ایگزیکٹو بورڈ سے وزیراعظم اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کے نام ہٹادیئے گئے ہیں۔وزیراعظم کی بجائے وزیرداخلہ نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ہوں گے ۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے بجائے ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) بدستور بورڈ آف گورنرز کے رکن ہوں گے ۔بورڈ آف گورنرز میں سیکریٹری داخلہ، دفاع، قانون اور خزانہ رکن ہوں گے جبکہ ماضی میں وزرائے دفاع، قانون اور خزانہ اس کے رکن تھے ۔ ترمیمی آرڈیننس کے بعد چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نامزد ایک ایک رکن بھی شامل ہوگا۔