اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ) جنوبی پنجاب کی سیاست میں بڑی ہلچل، تحریک انصاف کو بڑی کامیابی مل گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر نے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے نواب بہاول عباسی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بہاول عباسی آئندہ بہاول پور سے ڈسٹرکٹ چیئرمین کے امیدوار ہوں گے ۔بعدازاں وزیراعظم سے این اے 95کے ارکان اسمبلی عطااللہ شادی خیل، احمدخان نیازی، سلیم گل، جمال احسن اور شاہدحمید نے ملاقات کی جس میں متعلقہ حلقے کے سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم سے وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان کی بھی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی سکیموں اور پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں کو متحرک کریں۔ ملاقات میں خیبرپختونخواسے تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے ،وزیر مواصلات مراد سعید،ارکان قومی اسمبلی حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اﷲ ، محبوب شاہ ، محمد بشیر خان، جنید اکبر، محمد نواز خان اور صالح محمد ، ارکان صوبائی اسمبلی نذیر احمد عباسی، حاجی قلندر خان لودھی، مشتاق احمد غنی، زبیر خان، تاج محمد، وزیر زادہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔