اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں کی عالمی سطح پردھوم جاری ہے ،عالمی تنظیموں نے کوروناکے دوران کاوشیں مثالی اورگرین جابز دینے کے اقدام کو روشن مثال قرار دیدیا۔انٹرنیشنل کمیشن فار انوائرنمنٹل لا اورنارمنڈی چیئر برائے امن اور ادارہ برائے گورننس و دیرپا ترقی واشنگٹن و پیرس نے وزیر اعظم عمران خان کو خط میں کورونا بحران کے دوران انکے اقدامات کی تعریف کی ۔منگل کووزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے عالمی تنظیم کا خط پڑھ کر بھی سنایا۔خط میں کہاگیاکہ مشکل صورتحال میں آپکی شجرکاری مہم ایک حیرت انگیز اقدام ہے ۔ وزیر اعظم صاحب! آپ نے اپنے اقدامات سے بحران کی صورتحال کو مواقعوں میں بدل دیا،موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے کے پیش نظر آپکا یہ انتہائی اہم اقدام ہے ۔وزیراعظم عمران خان! آپکی کاوشیں دنیا کیلئے روشن مثال ہیں،کورونا کی وبائی ایمرجنسی میں آپ نے لوگوں کو درخت لگانے کا باعزت روزگار فراہم کیا۔ عالمی ایمرجنسی میں گرین جابز سے لوگوں کو مالی اور ماحولیاتی فائدہ ہوا، عمران خان ! آپکے اقدام سے کورونا کیخلاف جنگ لڑنے میں مدد ملی،موسمیاتی تبدیلی کا آپکا وژن قابل تعریف ہے ۔ ہم پوری عالمی برادری کی طرف سے آپکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔کوئی شک نہیں کہ بلین ٹری منصوبہ کامیاب رہا،یہ دنیا بھر کیلئے ایک اعلیٰ مثال ہے ، اب بلین ٹری 10 بلین ٹری میں بدل گیا، یہ منصوبہ ماحولیاتی تبدیلی میں مدد گار ہوگا۔خط کی نقول اقوام متحدہ سیکرٹر ی جنرل، وزیراعظم کے مشیر امین اسلم ،سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور دیگر کو بھیجی گئیں۔