اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزارت قانون و انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں عدالت عظمی ٰکے احکامات کی روشنی میں احتساب اور صنفی تشدد کے حوالے سے ملک بھر میں نئی عدالتوں کے قیام سے متعلق تجاویز پیش کیں۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ مالی مشکلات کے پیش نظر پہلے مرحلے میں 30 نئی احتساب عدالتیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ باقی عدالتوں کا قیام مقدمات کے دبائو کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار عمل میں لایا جائے گا۔ترجمان نے بتایا وزیر اعظم عمران خان نے خزانہ ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ نئی احتساب عدالتوں کے قیام کے حوالے سے درکار فنڈز ، بھرتیوں اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات میں وزارت قانون و انصاف ڈویژن کو ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے ۔مزید برآں قانون وانصاف کی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملائیکہ بخاری نے وزیراعظم کو صنفی تشدد کے جرائم کے مقدمات چلانے کے لئے خصوصی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے وزارت قانون و انصاف کے اقدام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اس حوالے سے متعلقہ فریقین سے مشاورت اور قوانین میں ترمیم کے ذریعے ملک بھر میں سپیشل جینڈر بیسڈ وائلنس کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے ۔