اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کوئی محفوظ راستہ نہیں مانگا، اس حوالے سے جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں،خان شان سے آخری بال تک لڑے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا وزیراعظم نے اپوزیشن سے محفوط راستہ نہیں مانگا، ایسی خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتا ہوں، کیا وزیراعظم ان چوروں سے راستہ مانگیں گے ؟ واضح کردوں کہ وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے ،خان شان سے آخری بال تک لڑے گا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا وزیراعظم کی لڑائی اس سامراج سے ہے جو حکومتیں بناتا اور گراتا رہاہے ۔علاوہ ازیں شہباز گل نے امریکی یونیورسٹی میں لیکچر دینے سے متعلق سوال پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہاں! میں لیکچر دیتا ہوں۔شہباز گل نے نجی ٹی وی سے گفتگو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے سوالات کے جوابات دیئے ۔شہباز گل کے مطابق میڈیا ہائوس نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے لاہور میں ایک پلاٹ خریدا تھا، اس کا پیسہ کہاں سے آیا؟ جس کے جواب میں شہباز گل نے لکھا کہ پلاٹ لاہور میں خریدا تھا، پیسے فیصل بینک بلیو ایریا کے اپنے اکاؤنٹ سے کراس چیک میں ادا کئے اور ایف بی آر میں سب کچھ ڈکلیئر ہے ۔ٹویٹ میں دوسرا سوال تھا کہ کیا آپ لیکچر دیتے ہیں؟ جس کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ جی بالکل میں لیکچر دیتا ہوں ،میں ایک پروفیسر ہوں، کرپشن نہیں کرتا، ٹھیکے نہیں لیتا، حکومت سے کوئی تنخواہ نہیں لیتا اور اپنے شوق کے لئے بالکل لیکچر دیتا ہوں اور اس کی باقاعدہ اجازت لے رکھی ہے ۔