اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ، آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں 15 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان کردیا۔ ما حول کو محفوظ بنا نے سے متعلق اقدام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا وقت آ گیا ہے ہم ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کریں۔آبادی تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہے ، تیزی سے بڑھتی آبادی کے تناظرمیں ماحولیات کا تحفظ ضروری ہے ۔ 15 نیشنل پارک بنانے کافیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑاقدام ہے ، نیشنل پارکس کی حفاظت کیلئے گائید لائنز دیں گے ۔ نیشنل پارکس بننے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیداہونگے ۔ہم ایسی سیاحت نہیں لیکرآرہے جو سارے علاقے کو تباہ کر دے ۔ پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہے ، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہوگا۔ ماسٹر پلان نہ ہونے سے ہمارے شہر تباہ ہورہے ہیں ، شہر پھیلتے جارہے ہیں ، پلاننگ نہیں اسلئے ہم لوگوں کو سیوریج ، بجلی گیس نہیں دے پا رہے ، پہلا مرحلہ ماسٹرز پلان بنانا اور پھر اس کے بعد دوسرا ٹاؤن پلاننگ ہے ، ماسٹراور ٹاؤن پلاننگ کر کے اپنے شہروں کو بچائیں گے ۔ نئے سیاحتی علاقے کھولنے سے قبل بائی لاز بنائے جائیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ،عاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کے علاوہ وڈیو لنک کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، صوبائی حکومتوں بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک، آئی یو سی این کے کنٹری ڈائریکٹر اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سینئر ڈائریکٹر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا میرین پارک نہ صرف آبی حیات کے تحفظ کا موجب بنے گا بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کیخلاف ڈھال کا کردار بھی ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے ریونیو جنریشن میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے اسلام آبادمیں 4نئے منصوبوں کاسنگ بنیادرکھ دیا۔راول چوک انٹرچینج،پی ڈبلیوڈی انڈرپاس،کورنگ پل اور سیکٹرآئی15منصوبے کاپہلامرحلہ شامل ہے ۔تقریب میں وفاقی وزرااوردیگرشخصیات نے شرکت کی۔