اسلام آباد؍ کوئٹہ (خبر نگار خصوصی؍ مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے گوادر کے ماہی گیروں کے مطالبات پر نوٹس لے لیا۔وزیر اعظم نے ٹویٹ میں کہا گوادر کے محنتی ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لے لیا ،بڑے جال سے غیر قانونی مچھلی کا شکار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ،اس معاملہ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بات کرونگا۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مطالبات کا نوٹس لینے کا خیر مقدم کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ ہاوس کی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا گوادر تحریک کے مطالبات انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق ہیں،صوبائی حکومت اپنی پالیسی اور گوادر تحریک کے مطالبات کے تحت بیشتر اقدامات پر عملدرآمد کررہی ہے ،متعلقہ صوبائی محکمے غیر قانونی ماہی گیری اور ٹرالنگ کی روک تھام یقینی بنا رہے ہیں اور غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ، سرحدی تجارت کا آغاز اور ٹوکن سسٹم کو ختم کردیا گیا،گوادر میں شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں، محکمہ پی ایچ ای کو گوادر شہر میں پانی کے مسائل کے فوری حل کے لئے فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا گوادر اولڈ ٹائون کی ترقی کی منصوبہ بندی کیلئے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں، بجلی سمیت بعض مطالبات کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے ،وزیراعظم کی یقین دہانی سے وفاق سے متعلق مطالبات بھی حل ہوں گے ۔’’گوادر کو حق دو ‘‘ تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے وزیرِ اعظم کے نوٹس کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا تو مثبت سمجھ کر خیر مقدم کرتے ہیں،عملدرآمد کی توقع ہے ، امید ہے پوری ہو گی، ہم ضدی لوگ نہیں ،مسئلہ عملدرآمد کا ہے ، مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں، گوادر کے مسائل حل ہوں تو ہم سے زیادہ خوشی کسے ہو گی ۔