اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں رد وبدل کردیا۔ماہر معاشیات شوکت ترین کو نیا وزیر خزانہ بنایا گیا اور انہیں ریونیو کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں،حماد اظہر کو وزیر توانائی بنا دیا گیا،وزیر توانائی عمر ایوب کی وزارت تبدیل کرکے انہیں اکنامک افیئرز کا وزیر بنایا گیا جبکہ سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیا،فواد چودھری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت لے کر انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ہے ، خسروبختیار سے اکنامک افیئرز کی وزارت واپس لیکر صنعت و پیداوار کا قلمدان دے دیا گیا۔سینیٹرشبلی فرازاورشوکت ترین آج حلف اٹھائیں گے ۔شوکت ترین موجودہ حکومت کے چوتھے وزیر خزانہ ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لئے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔حماد اظہر صرف 18 روز وزیر خزانہ رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق چند نئے وزراء کو بھی کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ کچھ اتحادیوں کو بھی کابینہ شامل کیا جائے گا۔