اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے ربیع فصل خصوصا گندم کے لئے وزیر اعظم امدادی پیکیج کی منظوری دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں گندم اور چینی کی کوئی کمی نہیں اور ان کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا،کورونا وبا کے علاج میں استعمال ہونے والی61 اشیاء پر ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی،پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ویزا پالیسی مزید سہل بنانے کے لئے وزیر خارجہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔وزیر اعظم آفس سے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں گندم اور چینی کی کوئی کمی نہیں اور ان کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو بتایا کہ ارکان قومی اسمبلی کے اپنے حلقوں کے مسائل کے لئے ایک واضح طریقہ کار وضع کیا گیا ہے ، اس ضمن میں بروقت مسائل حل نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور شکایات سے متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔کابینہ نے رینہ سعید خان کی بطور چیئرپرسن اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ ، نیشنل کمیشن فارہیومن ڈیویلپمنٹ کے چیئر پرسن اور ممبر ، 19 اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو سمگلنگ کی روک تھام کے لئے قانونی اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں اہم سرکاری اداروں و کمپنیوں میں چیف ایگزیکٹو کی تعیناتیوں کے طریقہ کار کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تعیناتیوں کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پرمبنی ہونا چاہئے ۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 28اکتوبر2020اور 4نومبر2020کو منعقدہ،کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 21 اکتوبر2020 و 5نومبر2020کو منعقدہ اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔کابینہ اجلاس نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 29 اکتوبر2020 کو منعقدہ اجلاس میں فیصلوں کی توثیق موخر کی ۔کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والی61 اشیاء پر ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ 2020کے تحت نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے چیئر مین کی تعیناتی اورنیشنل میڈیکل اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ویزا پالیسی مزید سہل بنانے کے لئے وزیر خارجہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جو اس ضمن میں سفارشات مرتب کر کے کابینہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے ربیع فصل خصوصا گندم کے لئے وزیر اعظم امدادی پیکیج کی منظوری دی۔