اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ووہان میں موجود پاکستانی طلبا سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کے اہل خانہ کو بھی ان کی خیریت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے ۔ منگل کو وزیر اعظم سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیزسید ذوالفقار عباس بخاری نے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستانی طلبا کی صحت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ لی۔ وزیرِ اعظم نے سیکرٹری خارجہ کو ہدایت کی کہ ووہان میں موجود پاکستانی طلبا سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کی خیریت کے بارے میں ان کے خاندانوں کومسلسل طور پر آگاہ رکھا جائے ۔وزیر اعظم نے معروف ایڈوائزری اور کنسلٹنٹ کمپنی میکنزی کے گلوبل منیجنگ ڈائریکٹر کیون سنیدر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت نے کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے ، سیاحت کے فروغ سے زرمبادلہ کمانے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، توانائی کے شعبے میں نقصانات کو روکنا اور عوام پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی ملاقاتیں کیں۔