کراچی(کامرس رپورٹر) ملک کے شمال میں مقامی آئل ریفائنری نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی کھپت نہ ہونے کے باعث دوسرا یونٹ بھی بند کردیا گیاآئل ریفائنری 62فیصد صلاحیت پر چل رہی ہے ، ریفائنری کی طرف سے وزارت پٹرولیم کو لکھے گئے مراسلہ کے مطابق آئل ریفائنری انتظامیہ نے پٹرولیم ڈویژن کو تنبیہ کی ہے کہ62فیصد صلاحیت پر آئل ریفائنری چلانا مالی طور پر مشکل ہے اور آئندہ کسی بھی وقت آئل ریفائنری بند کی جاسکتی ہے ۔ مراسلہ کے مطابق آئل ریفائنری کی بندش کی وجہ سے ملک کے شمال اور وسطی علاقوں میں تیل وگیس کے کنوئیں بھی بند ہوجائیں گے جس سے گیس اور دیگر مصنوعات بھی بند کی جاسکتی ہیں ۔ واضح رہے کہ ریفائنری نے 13مارچ کو مراسلہ میں پہلے یونٹ بند کردیا تھا ۔ مراسلہ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز ) کی طرف سے ہائی سپیڈ ڈیزل نہ اٹھانے کے بعد آئل ریفائنری پر ہائی سپیڈ ڈیزل کا ذخیرہ 14ہزار ٹن ہوگیا ہے جس سے آئل ریفائنری کے پاس صرف ایک دن کیلئے پٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے ۔ ریفائنری نے وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن سے مداخلت کی اپیل کی ہے ورنہ آئل ریفائنری مکمل طور پر بند ہوجائے گی ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ٹریڈرز ، ریٹیلرز اور پٹرول پمپ مالکان کو قیمت میں 9روپے تک رعایت دے رہے ہیں ۔