اسلام آباد،کراچی(وقائع نگار خصوصی ، 92 نیوزرپورٹ ) الیکشن کمیشن نے ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ کو نااہل قرار دیدیا۔بدھ کو الیکشن کمیشن نے ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ کی نااہلی کیس کا فیصلہ سنا دیا ۔ ارشد وہرہ ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے پر نااہل ہوئے ۔ارشد وہرہ کی نااہلی کی درخواست ایم کیو ایم پاکستان نے دائر کی تھی۔ ارشد وہرہ کے وکیل سید حفیظ الدین نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرینگے ۔ الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ارشد وہرہ کے منحرف ہونے پر ان کو نااہل کیا گیا۔ ارشد وہرہ کا نام ایم کیو ایم لندن نے دیا تھا،ارشد وہرہ نے ایم کیو ایم لندن کی غداری کے باعث پارٹی تبدیل کی۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان اب ایک نئی جماعت ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کو آج ایک اور فتح نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ یہ فتح حق سچ کی ہے ۔