لاہور،کراچی ، اسلام آباد ،نارووال (رپورٹنگ ٹیم ،نمائندگان ) پاک فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے پاکستانی ایک ہوگئے ،لاہور سمیت ملک بھر میں پاک فوج کے حق میں اور بھارت کیخلاف ریلیاں نکالیں ،شہریوں نے مودی پتلے جلائے ،تصاویر کو جوتوں کے ہار پہنائے اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ،سپریم کورٹ بارنے پاک فوج اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف قرار داد منظور کر لی۔تفصیلات کے مطابق لاہورمیں سپریم کورٹ بار کے وکلاء کا ہنگامی اجلاس بار کے سینئر نائب صدر ملک کرامت اعوان کی سربراہی میں ہوا۔ ملک کرامت اعوان نے کہاوکلاء قومی سالمیت کے معاملے پر پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔حامد خان نے کہاجنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اگر جنگ مسلط کی گئی تو اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ میاں ظفر اقبال کلانوری، آفتاب باجوہ، شفقت محمود چوہان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔لاہور پریس کلب اور پی ایف یو جے کے زیراہتمام لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ریلی میں صحافیوں ،سیاسی ومذہبی نمائندوں، حکومتی نمائندوں، تاجررہنمائوں،طلباء تنظیموں کے رہنمائوں اور مزدوریونینز کے نمائندوں نے بھرپورشرکت کی۔ شرکا نے بھارتی افواج کی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے ۔ریلی میں فیاض چوہان، ارشد انصاری، رانا عظیم،شہزادحسین بٹ، نعیم حنیف، خواجہ نصیر، ذوالفقار علی مہتو، ناصرہ عتیق، زاہد عابد، سالک نواز، عمران شیخ، احمد رضا، شاہدچودھری ، راناطاہر،گل نواز، قاسم رضا، حافظ عتیق، تنویرشاہد، ملک توصیف، رانا عثمان، رانا محمد ارشد، ملک محمد احمدخان، اعجازآگسٹن، خواجہ عمران نذیر،غلام محی الدین دیوان ،خلیل طاہرسندھو،سمیع اﷲ چودھری ، ڈاکٹر مجیب احمد،خالد پرویز،عبدالرزاق ببر، عبدالرب،احمد دائود،سرتاج انور، لئیق بوبی ، الیاس گجر سمیت دیگر قائدین نے ریلی سے خطاب کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ ہم ایٹمی طاقت ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ ارشد انصاری نے کہاکہ صحافی تنظیمیں اور صحافتی برادری اپنی سالمیت پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گی جبکہ مودی کاپتلانذرآتش کیاگیا۔ وائی ڈی اے ، وائی این اے ، پنجاب پیرا میڈکس سٹاف اور دیگر تمام ہسپتال ملازمین نے پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی ۔ آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ بھی پاک فوج کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کا کہنا ہے کہ تاجر برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہراول دستہ ہے ۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اخترکی زیر قیادت خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، انتظامی افسران، ملازمین اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شرکاء نے پاک فوج کے حق میں اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز حمد اختر نے کہا کہ ایئر فورس کے جوانوں کی طرف سے بھارت کو بروقت جواب سے پاکستان کی طاقت اور صلاحیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان آرمی کو بھارتی فورسز پر برتری حاصل ہے ۔تحریک لبیک یا رسول اﷲ ﷺ اور تحریک لبیک اسلام کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی قیادت میں ’’پاک فوج زندہ باد مارچ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔مارچ کا آغازمرکز صراط مستقیم تاج باغ سے ہوا اور واہگہ روڈ ہربنس پورہ چوک میں اختتامی جلسہ کیا گیا۔تحریک لبیک کی طرف سے آج ’’یوم ا لجہاد ‘‘ منایا جائے گا ۔ نارووال سے نمائندہ 92نیوز کے مطابق پاک فوج کی نارووال آمد پر شہریوں نے کرنسی نوٹ اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیاگیا۔ شہری اور طالبعلم پاک فوج کے جوانوں سے ہاتھ ملاتے رہے ۔ شہریوں کے جوش و جذبے پر پاک فوج کے جوانوں نے ہاتھ ہلاکر شکریہ اداء کیا ۔کراچی میں جامعہ اردو کے تحت نکالی گئی جس میں طلبا اور ملازمین نے شرکت کی اور انڈیا کیخلاف نعرے بازی کی ۔ سرگودھا میں سرگودھابار ،چیمبر آف کامرس اورینگ ڈاکٹرنے بڑی مشترکہ ریلی نکالی اور بھارتی وزیر اعظم کا پتلا اورپرچم نظر آتش کیا۔ پاکستان انڈ یا پیپلز فورم پیس اینڈ ڈیموکریسی اسلام آباد چیپٹر کے زیراہتمام بھی ریلی نکالی گئی۔ اسلام آباد چیپٹر کی سر براہ کشور ناہید نے کہا کہ ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں۔ سینئر صحافی فوزیہ شاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے اسلام آباد کچہری کے شہدا ہال سے ریلی نکالی گئی جس میں وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ حیدرآباد میں بھی وکلا نے ریلی نکالی ۔مظفر آباد ،کوٹلی ،چکوٹھی اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔پشاور اور لنڈ ی کو تل میں مقامی لوگوں اور قبائل نے بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی ، اس دوران انڈیا کیخلاف فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے سینکڑوں نوجوا نوں نے نام درج کرائے ،ریلی میں میں ہزاروں قبائل نے شرکت کی ۔