اسلام آباد (ذیشان جاوید) پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے پاکستان اور افغانستان نے بڑا فیصلہ کیا ہے ،پاکستان میں داخلے پر تمام افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاک افغان حکومتی سطح پر پولیو کارڈ کے اجراء پر اتفاق کرلیا گیا ہے اور پاک افغان سرحد عبور کرنے والوں کیلئے پولیو کارڈ لازمی قرار دیدیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں داخلے پر تمام افغان شہریوں کو انسدادپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا،پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے ۔ افغان شہریوں کیلئے پولیو ویکس نیشن کارڈ کی مدت ایک سال ہوگی، پولیو ویکسی نیشن طور خم بارڈر اور پاک افغان دوستی گیٹ چمن پر کی جائے گی۔ خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے ۔ دو روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کیلئے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے جسکے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ رواں برس اب تک6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں اور ایک،ایک پنجاب اور سندھ میں سامنے آیاہے ۔