اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت عارف علوی نے ملکی معیشت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں ،پاکستان ترقی کیلئے آئی ٹی میں سرمایہ کاری کرے ،نوجوانوں کوہنر مند بناناہوگا، مصنوعی ذہانت اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز کی بدولت پاکستان اپنی آئی ٹی برآمدات کو 2023 ئتک 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔صدرمملکت نے ایوانِ صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس کے پہلے آئی ٹی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان ذہانت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ، پاکستان کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کا پرامن حل چاہتاہے ، اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھی رجوع کیا گیا لیکن دنیا اس وقت عالمی امور پر اخلاقیات کی بجائے مفادات کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے ، دنیا کو اخلاقیات اور اصولوں پر مبنی قیادت کی ضرورت ہے ۔ پنجاب کے وزیرآئی ٹی یاسر ہمایوں نے آئی ٹی ایوارڈز کے اجرائکو انڈسٹری کیلئے حوصلہ افزاقرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا حکومت نے بجٹ میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور ٹیکسوں میں رعایت دی جو حوصلہ افزا ہے ۔ صدر مملکت نے آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آئی ٹی کمپنیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے ۔