اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور جرمنی کے درمیان انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کیلئے 79 کروڑ روپے کی لاگت کا مالیاتی معاہدہ طے پا گیا۔ گزشتہ روز سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر وولف گینگ موئلر نے معاہدہ پر دستخط کئے ۔یہ معاہدہ پاکستان کے نیشنل پولیو ایمرجنسی ایکشن پلان 2018-19ء پر عملدرآمد کے سلسلے میں پولیو ویکسین اور انسداد پولیو کی مہمات کی فنانسنگ پر مشتمل ہے ۔ یہ پروگرام یونیسف اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے چلایا جائے گا جو ملک میں انسداد پولیو پروگرام کے پہلے مرحلہ کا تسلسل ہے ۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے 2020ء تک پاکستان کے پولیو سے فری ملک بننے کی امید ظاہر کی گئی ہے ۔