اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بطور فرنٹ لائن ریاست لڑ رہا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مراکش کا 4 روزہ دورہ کیا جس کے دوران دہشتگردی کیخلاف جنگ اورسکیورٹی امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کے دوران مراکش کے وزیر دفاع عبدالطیف لودی اور رائل آرمڈ فورسز کے آئی جی جنرل عبدالفاتح لورک سے ملاقات کی جس میں مشترکہ تربیت، باہمی سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سربراہ پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور امن کیلئے پاکستانی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مراکش کے رائل کالج آف ہائیر ملٹری ایجوکیشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی صورتحال اور چیلنجز کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل میں مراکش کیساتھ کھڑا رہا اور کھڑا رہیگا۔ پاکستان دنیا کو محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے قربانیاں دے رہا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کے طور پر لڑ رہا ہے ۔ پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی سے بچانے اور خطے میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا۔بحیثیت قوم دہشتگردی کو ختم کرنے میں کافی وقت لگا ۔