اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھانا چاہیے ، انہوں نے ان خیالات کااظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے مختلف ملکوں کے سفیروں اور سفارتکاروں کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن عشائیے کے دوران گفتگو میں کیاجس میں پاکستان میں چین ، ایران ، نیپال اور دیگر کئی ممالک کے سفیروں ، سفارتکاروں، ایف پی سی سی آئی کے صدر دارو اچکزئی، سابق صدر افتخار علی ملک، ایس ایم منیر، نائب صدر ایف پی سی سی آئی اعجاز عباسی، عبدالوحید شیخ اور معروف تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔عبدالرزاق دائود نے کہاکہ باہمی تعاون اور تجارتی ترقی کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہاکہ حکومت نے تجارتی تعاون اور ترقی کو فروغ دینے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے اور وزیر اعظم سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ ڈین ڈپلومیٹک کور اور پاکستان میں ترکمانستان کے سفیراتاجن نے کہاکہ سفارتی سطح پر پاکستان کی طرف سے تعاون اور صنعت و تجارت کے فروغ کی سہولیات کو سراہا جارہا ہے ۔ تاجر رہنمائوں افتخار ملک اور ایس ایم منیرنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو معاشی استحکام سے ہمکنار کرنے کیلئے صنعت و تجارت کو فروغ دیا جائے اور پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ۔دریں اثناوزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے جمہوریہ چیک کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران توانائی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی سمیت دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمینٹیرینز کے مابین روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔