اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ امیر ممالک میں چکن کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پاکستان پولٹری کی برآمدات سے بھاری زرمبادلہ کماسکتا ہے اس لئے منی بجٹ میں پولٹری کی صنعت کو ریلیف دیا جائے ۔شاہد رشید بٹ نے پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ چکن کم قیمت کی وجہ سے دنیا کا سب سے مقبول ترین گوشت بن چکا ہے ۔ گوشت کی عالمی پیداوار میں 30 سال کے دوران 100 فیصد اضافہ متوقع ہے جس میں چکن کا بڑا حصہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امیر ممالک میں 1990ء سے اب تک چکن کی کھپت میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے اوراس وقت دنیا میں سالانہ 70 ارب مرغیاں کھائی جاتی ہیں جس میں سے 55 ارب چکن شامل ہیں۔