اسلام آباد، بیجنگ (سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان چین کے چارروزہ سرکاری دورے پرچین پہنچ گئے ۔بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے نائب وزیر خارجہ، چینی سفیر اور پاکستان کے سفیر معین الحق نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ شوکت ترین ، وزیر پلاننگ اسدعمر ، مشیر قومی سلامتی معید یوسف،مشیرتجارت اور معاون خصوصی سی پیک خالد منصور بھی وزیراعظم کیساتھ وفد کا حصہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم چینی قیادت کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، عمران خان بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے ، چینی صدر شی جن پنگ اور ہم منصب لی کی کیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی، دوطرفہ تعلقات خصوصاً تجارتی و اقتصادی روابط، سی پیک مرکز نگاہ رہے گا۔ ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا، وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پرہو رہاہے ، وزیراعظم کے دورے میں متعدد باہمی تعاون کی یادداشتوں، معاہدوں پر دستخط ہوں گے ، وزیراعظم بیجنگ کی کاروباری شخصیات، تھنک ٹینکس اور میڈیانمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے ، وزیر اعظم بیجنگ اولمپکس کے دوران دیگر رہنماؤں سے بھی ملیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں چینی عوام کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی اور کہا نئے سال میں پاکستان چین کے ترقیاتی تجربے سے سیکھتا رہے گا، ہم پاکستان کی معیشت کی بہتری اور لوگوں کی فلاح و بہبود اور لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ہم پہلے ہی چین کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں۔قبل ازیں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا موثر اور فعال بلدیاتی نظام ملکی ترقی کا ضامن ہوتا ہے ۔ فعال بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کے بیشتر مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا سکتے ہیں۔بلدیاتی نظام کا مقصد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے ۔ اس نظام کی کامیابی کیلئے ضروری ہے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور تاجروں کو یکساں نمائندگی دی جائے ۔اجلاس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، خسرو بختیار، اسد عمر، فواد چودھری، حماد اظہر اور معاون خصوصی شہباز گل نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزرا ہاشم جوان بخت، بشارت راجہ اور میاں محمود الرشید ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران چین کے صدر اور وزیراعظم سمیت مختلف کاروباری شخصیات کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے کتاب پیش کی جائے گی۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تیار کی گئی بک میں سیکٹر وائز تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔کتاب میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حامل شعبوں اور حکومت کی جانب سے ان شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تفصیلات موجود ہیں۔ پاکستانی وفد کے ارکان دورہ چین کے موقع پر یہ کتاب چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو پیش کریں گے ۔ اس کتاب کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ہے ۔