اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو ایک خود انحصار ملک اور مستقبل کی عالمی قوت بنانے کی خواہاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں آئی سی ٹی کے شعبہ کے متعلق قومی سیمینار کے آخری سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی سیمینار میں موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آئی سی ٹی کا شعبہ روزگار اور آمدنی کے مواقع بڑھانے کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے ملک کی نوجوان آبادی میں ہنر کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد خود انحصار پاکستان ہے جو ایک عالمی طاقت کے طور پر ابھرے گا۔ وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے آئی سی ٹی کے شراکت داروں کو ایک سازگار اور معاون ریگولیٹری ماحول فراہم کے لئے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی اور گیس جیسی ضروریات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے ، موجودہ سپیشل اکنامک زون میں درکار سہولیات کے بارے میں رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ اجلاس نے 3 خصوصی اقتصادی زونز کی منظوری دی جن میں نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اسلام آباد، جے ڈبلیو۔ایس ای زیڈ چائنہ پاکستان ایس ای زیڈ، رائیونڈ پنجاب، دھابیجی ایس ای زیڈ سندھ شامل ہیں، اس طرح خصوصی اقتصادی زونز کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے ۔ اجلاس نے اپروولز کمیٹی کے لئے نجی شعبہ سے دو ارکان کے انتخاب اور نجی شعبہ سے دو ارکان کی تقرری کے حوالے سے ایک تجویز کی منظوری دی جو خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کی تشکیل میں شامل ہوں گے ۔مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر فروغ نسیم اور تحریک انصاف کے سینئر وکیل شاہد گوندل نے اہم ملاقات کی۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اہم قانونی مسائل اور پیچیدگیوں پر گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اور شاہد گوندل نے اہم قانونی مسائل کے حوالے سے حل پیش کئے ۔ وزیراعظم نے قانون کی بالادستی پر عملدرآمد کیلئے مختلف پہلوئوں پر اظہار خیال کیا اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اور شاہد گوندل ایڈووکیٹ سے تجاویز لیں۔