اسلام آباد(قاسم نواز عباسی) دبئی میں قائم پاکستانی قونصلیٹ نے ملازمین کے بچوں کو دی گئی تعلیمی سہولیات واپس لے لی ہیں،سٹاف کو بچوں کی سکول کی بھاری فیسوں کی ادائیگی میں شدید پریشانی کاسامناہے ، سکول انتظامیہ نے فیسیں جمع نہ کرانے پربچوں کے ساتھ مبینہ نارروا رویہ شروع کردیاہے ۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہواہے کہ ریاست دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانہ نے قونصلیٹ ملازمین کو پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولیات ختم کردی ہیں ، قونصل خانہ کے ملازمین کو اپنے بچے پڑھانے کیلئے بھاری فیسیں ادا کرنے پر مجبور کردیاگیاہے ،ذرائع کے مطابق پاکستانی قونصل خانہ کے تحت دبئی میں شیخ راشد پاکستانی سکول چلایا جارہاہے جہاں پر قونصلیٹ ملازمین کے بچے زیر تعلیم ہیں ،ملازمین کی جانب سے سکول کی بھاری فیسیں جمع کرانے میں تاخیرکے باعث سکول انتظامیہ کی جانب سے بچوں کی توہین اور فیسیں نہ دینے پر سکول سے خارج کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ سکول کے پرنسپل عمران رشید اس سے قبل قطر میں تھے جنہیں قونصل خانہ دبئی میں تعینات کیا گیا۔ دبئی میں مقیم پاکستانی قونصل خانہ کے ملازمین اور ان کے بچوں نے پاکستانی قونصل جنرل سے معاملہ کاجائزہ لینے کی درخواست کی تاہم اس پر کوئی عمل نہیں ہوسکاہے جس پر مذکورہ ملازمین نے پاکستان میں وزیر خارجہ ، وزارت خارجہ اور متعلقہ حکام سے معاملے کا جائزہ لینے اور مسئلہ حل کرانے کی اپیل کی ہے ۔