سرینگر، اسلام آباد( آن لائن،صباح نیوز ) بھارت نے حریت رہنما علی گیلانی کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر اہل خانہ کے خلاف فرد جرم عائد کردی،پاکستان نے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں کر نیکی شدید مذمت کی ہے ۔ بھارتی حکومت نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف ان کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور بھارت کے خلاف نعرے لگانے پر فرد جرم بھی عائد کردی،دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ علی گیلانی کے اہل خانہ کے علاوہ دیگر افراد پر بھی فردم جرم عائد کی گئی ہے ۔ شہدائے کشمیر کی فاتحہ خوانی کے لئے عیدگاہ سرینگر کی طرف مارچ کوروکنے کے لئے پیر کو مسلسل پانچویں روز بھی سخت کرفیو نافذرہاکل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے کہا کہ سید علی گیلانی کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہ دینے کیخلاف بھارتی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں۔دوسری جانب بھارتی فوج کی بھاری تعداد نے ضلع میں مینڈھرکے علاقوں ٹوپااورتھیرا میں کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کر دی ، شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور خواتین کو ہراساں کیا ۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کوایک کھلی فضائی جیل میں تبدیل کر دیا گیا جہاں مرنے والوں کو بھی نہیں بخشا جاتا ۔دریں اثنا پاکستان نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے سید علی شاہ گیلانی کے خاندان کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سید علی شاہ گیلانی کے خاندان کے ساتھ بھارت کی بدسلوکی اس کے ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ بین الاقوامی برادری اس بے مثال جبر کا سنجیدگی سے نوٹس لے ۔