اسلام آباد (وقائع نگار)وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے گزشتہ روزیہاں اسلام آبادمیں ملاقات کی۔اس موقع پرایرانی سفیر نے وزیرسیفران کو پیشکش کی کہ ایران پاکستان کے ساتھ مل کر منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے مشترکہ مشقوں اور تربیت کیلئے تیار ہے اور اسکے لئے اے این ایف اور ایران کی انسداد منشیات پولیس کو سونگھنے والے کتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں کرائی جاسکتی ہیں۔شہریار آفریدی نے ایرانی سفیر کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی منشیات پاکستان ، ایران اور دنیا کے لئے ایک چیلنج ہے اور ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بنی نوع انسان کو منشیات سے بچانے کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستان امت مسلمہ کو متحد کرنے کیلئے کام کرتا رہے گا۔ایرانی سفیر نے کہا کہ منشیات ایک عفریت ہے اور ہمیں بہترین طریقوں کو اپنا کر دنیا میں اپنا لوہا منوانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی امن کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے اور ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی بہت ضروری ہے ۔