اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعدملک بھرمیں مہنگائی کانیاطوفان آگیا، اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا، گھریلو بجٹ آؤٹ کر دیا،اتواربازاروں میں سبزیوں اورپھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،بھنڈی240، سبزمرچ 220، مٹر240، ادرک 272،کریلے 160روپے ،اروی اورشملہ مرچ100روپے ،لہسن200روپے کلوفروخت ہوتے رہے ، سیب 125، انار200، مالٹا 120، ناریل 190روپے کلواورکیلا 90 روپے درجن ملتارہا۔کراچی میں آٹا، گھی ،چاول، دالوں، سبزی اور دودھ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ،پنجاب میں سہولت بازاروں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ، خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا اور مرغی کے گوشت کی قیمت بھی بڑھ گئی، شہریوں نے 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہو چکی ہیں اور منافع خور من مانیاں کرتے پھر رہے ہیں۔