لاہور ، اسلام آباد( 92 نیوزرپورٹ،لیڈی رپورٹر) کورونا وائرس کے علاج کیلئے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی کے باعث پنجاب حکومت نے 200نئے وینٹی لیٹرز خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔پنجاب حکومت کی جانب سے 46کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ، نئے وینٹی لیٹرز کورونا کا علاج کرنے والے ٹیچنگ ہسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے ، ادھر این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں 100 ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی سامان فراہم کر دیا، ترجمان کے مطابق سامان میں 74 ہزار سرجیکل اور 4652 این95 ماسک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 8759 حفاظتی سوٹ ،65 ہزار سے زائد دستانے ، ساڑھے 3 ہزار گاؤن ،4180 جوتوں کے کور، 4535 سرجیکل ٹوپیاں، 1322حفاظتی عینک اور 1186 فیس شیلڈ دیئے گئے ۔ اسی طرح باقی صوبوں میں بھی ہسپتالوں اور طبی عملہ کیلئے حفاظتی سامان اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں روانہ کر دیا جا ئیگا۔