لاہور،اسلام آباد(وقائع نگار،لیڈی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس ہوا،جس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ’’احساس‘‘ پروگرام پر بریفنگ دی۔اجلاس میں کابینہ سب کمیٹی برائے فلڈ کا نام بدل کر کابینہ سب کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ رکھنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں غیر فعال پبلک سیکٹر کمپنی لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے کمپنی بند کرنے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پبلک سیکٹر کی دیگر کمپنیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں رواں مالی سال برائے 2019-20 کیلئے شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور کیلئے گرانٹ ان ایڈ مختص کرنے اور اجرا کی مشروط منظوری دی گئی۔پبلک سیکٹر انٹرپرائزز حکومت پنجاب کے مالی سال 2018-19 کے آڈٹ اور پبلک سیکٹر کمپنیز حکومت پنجاب والیم 3 مالی سال 2017-18 کے حوالے سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے وائس چانسلر کے تقرر کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پہلے مرحلے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں 194 شہری اور 3316 دیہی لوکل گورنمنٹ اداروں کے فنڈز کے استعمال کیلئے حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی۔ سٹریٹ لائٹس، نکاسی و فراہمی آب سکیموں کی بحالی، سالڈ ویسٹ مشینری کی فراہمی اور دیگر سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔پہلا مرحلہ رواں مالی سال جون 2020 تک مکمل کیا جائے گااوراس پروگرام پر تقریباً27ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وصول شدہ ٹال ٹیکس اسی علاقے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر ہی خرچ کرنے کے فیصلے پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا اوراس سے سڑکوں کی تعمیرو مرمت کیلئے درکار فنڈزدستیاب ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے حالیہ سیلاب اور دریاؤں کے کٹاؤ کے باعث پنجاب کے بعض علاقوں کے دیہات میں پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈسکسیشن سرٹیفکیٹس ایکٹ 2019 کی منظوری دی گئی۔اس ایکٹ کی منظوری سے وراثتی سرٹیفکیٹس نادرا سے جاری ہوں گے اورنادرا میں سپیشل سکسیشن فسیلیٹیشن یونٹ بھی قائم ہوں گے ۔کابینہ نے صوبائی سطح پر لا ء ریفارمز متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں قائداعظم کے یوم وفات کے حوالے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہاربھی کیاگیا۔کابینہ کے اجلاس میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سکیورٹی اورامن عامہ کیلئے انتظامات پرکابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کی تعریف کی اور چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور ان کی پوری ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 16 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 12 ویں اور 13 ویں اجلاس کے فیصلو ں کی بھی توثیق کی گئی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزراء ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یوم عاشور پرسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا فضائی دورہ بھی کیا۔وزیر اعلیٰ نے پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیااور جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کامعائنہ کیا۔