اسلام آباد( اظہر جتوئی)ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل کی رجسٹریشن کیلئے بلیک لسٹڈ کمپنی کو ٹھیکہ دیدیا۔دستاویزات کے مطابق ایف بی آر نے اپنی ویب سائیٹ پر42وینڈرز کو پوائنٹ آف سیل سافٹ ویئر کی سروسزفراہمی کی اجازت دی۔ ریٹیلرز سے کہا گیاہے کہ ان کمپنیوں میں سے کسی ایک سے وہ یہ سروس حاصل کر سکتے ہیں۔ایف بی آر کی دستاویزات کے مطابق ان 42کمپنیوں میں پہلے نمبر پر ابوذر کنسلٹنسی موجود ہے جوکہ2011سے ایف بی آر کے ریکارڈ میں سیلز ٹیکس ڈیفالٹر ہونے کی وجہ سے بلیک لسٹ ہے ۔ذرائع کے مطابق پوائنٹ آف سیل کی سروسز دینے والی کمپنیاں حکومت کو سیلز ٹیکس اکٹھا کر کے دیتی ہیں جبکہ ابوذرکنسلٹنسی ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل تجارت،موٹر سائیکل کی ریپئرنگ کے کام کے طور پر رجسٹرڈ ہے مگر وہ ریٹیلرز کو سافٹ ویئر فراہم کرنے کا کام کر رہی ہے ۔دستاویزات کے مطابق معروف کمپنیاں ابوذر کنسلٹنسی سے خدمات لے رہی ہیں۔ایف بی آر نے گزشتہ سال بڑے بڑے چین سٹورز،مالز،ریسٹورنٹس کو اپنی سیل کو ایف بی آر کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی تھی۔اس سلسلے میں ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل کے سافٹ ویئر صرف انہی42 کمپنیوں سے لینے کا کہا۔ذرائع کے مطابق ابتک ملک بھر سے 44ہزار دکانیں ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔گزشتہ ہفتے ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 30اگست تک بڑھا دی ہے ۔اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ 16 ہزار ریٹیلرز کو اس سافٹ ویئر سے منسلک کیا جائے گا۔ ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ ابوذر کنسلٹنسی ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے پر بلیک لسٹ کی گئی۔ذرائع کے مطابق سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں سیلز ٹیکس وصولی کے کام میں مدد دیتی ہیں۔