اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اللہ کے بعد عمران خان کے سر پر زندہ ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی پھوٹ نہیں، حفیظ شیخ سینٹ کا الیکشن جیت جائیں گے ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی واقعات کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے پی ڈی ایم کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں البتہ پی ڈی ایم سے درخواست ہے کہ اپنا احتجاج 2 ،4 دن آگے لے جائے ۔ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ حفیظ شیخ سینٹ الیکشن جیت جائینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری کی کرپشن کو چھپانے کیلئے یوسف رضا گیلانی نے قربانی دی۔ یوسف رضا گیلانی نے قیمتی ہار خزانے میں جمع کرانے کے بجائے بیوی کو دے دیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں چوروں اور لٹیروں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا تھا اور پاکستان 2012 میں فیٹف کی بلیک لسٹ میں تھا۔ حفیظ شیخ نے ملکی معیشت کو بہتر کیا، ایکسچینج ریٹ کو مستحکم کیا اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سر پلس کردیا۔پاکستان نے ا یف اے ٹی ایف کے 24 نکات پر عمل درآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ راوں سال ایف اے ٹی ایف کے مزید 3 نکات بھی پورے ہوجا ئینگے اور پاکستان گرے لسٹ سے نکل آئیگا۔انہوں نے کہا کہ آج پوری عرب دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارت آرٹیکل 370 کو واپس لے ۔ پورے ملک میں آن لائن ویزہ کا نظام شروع کردیا گیا ۔ ہماری حکومت نے تباہ ہوتی ملکی معیشت کو سنبھالا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور چین کے ساتھ ہمارے تاریخی اور بہتر تعلقات ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے ۔ سینٹ الیکشن میں جیت کے بعد مزید بہتر طریقے سے ملک کو آگے لے کر جائینگے ۔